تاحال کسی نے بھی ربط پیدا نہیں کیا، ذاکر نائیک کی دو ہفتے بعد واپسی
نئی دہلی12جولائی(ایس اونیوز/ایجنسیاں)معروف مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائک نے ایک نیا بیان جاری کر کہا کہ میرا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ اب تک کسی جانچ ایجنسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ میں تحقیقات میں مکمل تعاون دینے کو تیار ہوں۔
ذاکر نائیک نے اپنے بیان میں کہا کہ میرا خیال ہے کہ میڈیا دنیا کا سب سے بڑا ہتھیار ہے جو کہ ایک ہیرو کو ولن بنا سکتا ہے۔ میں اس بات سے حیران ہوں کہ کس طرح ڈھاکہ میں یکم جولائی کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لے کر میرا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ میڈیا میں میرے تقاریر کی جو کلپ دکھائی جا رہی ہے وہ یا تو آدھی ادھوری ہے یا پھر اسے سیاق و سباق سے کاٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ کم و بیش یہی صورت حال پرنٹ میڈیا میں بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوز چینلز اور اخبارات کو انٹرویو دینے کے لئے میں تیار ہوں لیکن مجھے خدشہ ہے کہ یا تو اسے شائع نہیں کیا جائے گا یا پھر اسے کوئی اور ہی شکل دے دی جائے گی۔ میں نے پہلے بھی انٹرویو دیئے ہیں لیکن جس طرح سے اس کو پیش کیا گیا اس کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں۔ اگر مجھے وقت ملا تو میں جلد ہی اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دوں گا اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کروں گا تاکہ اگر میڈیا میں میرے بیان سے کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو وہ وہاں موجود رہے۔
ڈاکٹر نائیک نے کہا کہ مجھ سے ابھی تک کسی ہندوستانی ایجنسی سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ میں ہندوستانی تفتیشی ایجنسیوں سے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہوں۔ اختتام میں پھر سے دہرانا چاہتا ہوں کہ میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی اور تشدد کی حمایت نہیں کرتا ہوں۔ میں نے آج تک کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی حمایت نہیں کی۔
ادھر دوسری جانب مبلغ اسلام ذاکر نائیک جو آج سعودی عرب سے واپس ہونے والے تھے لیکن موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ مزید دو تا تین ہفتے بیرونی دورے پر رہیں گے۔ذاکر نائیک کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ اُن کے دورہ کا پروگرام پہلے سے طئے شدہ ہے ، وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ پہونچنے والے تھے جہاں سے وہ افریقہ جائیں گے ۔ چنانچہ آئندہ دو تا تین ہفتوں بعد ہی اُن کی واپسی متوقع ہے ۔